شاہ سلمان کی نواز شریف کو سعودی عرب میں مستقل رہائش کی پیشکش
اسلام آباد :سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مستقل طور پر سعودی عرب میں قیام کی پیشکش کی ہے۔دنیا نیوز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ سلمان نے نواز شریف کو سعودی عرب آنے اور ملاقات کی دعوت کا پیغام بھجوایا ہے اور کہا ہے کہ اگر نواز شریف مستقل طور پر سعودی عرب رہنا چاہیں تو سعودی عرب ان کا خیر مقدم کرے گا۔
قوی امکان ہے کہ نواز شریف مستقل طور پر نہ سہی لیکن عمرہ کی ادائیگی اور سعودی حکمراںوں شاہ سلمان اور محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔دورے کے پیش نظر نواز شریف کے سٹاف افسر، حسین نواز کے ذاتی دوست ، اسکول فیلو ود دیگر سٹاف کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں پر وہ نواز شریف کی حسین نواز کی رہائش گاہ قیام کے انتظامات میں مصروف ہیں۔
سعودی عرب دورے کے دوران نواز شریف کا مسکن اپنے بیٹے حسین نواز کا گھر ہو گا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ برطانوی وزارت خارجہ نے بھی نواز شریف کو سنگل دے دیا ہے کہ آپ اپنا علاج مکمل ہونے تک لندن میں پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے کے باوجود رہ سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نواز شریف سعودی حکمرانوں سے ملاقات،عمرہ کے لیے سعودی عرب ضرور جائیں گے لیکن مستقل رہائش لندن میں ہی رکھیں گے۔
آخری آپشن کے طور پر امریکا منتقلی پر غور کیا گیا ہے تاہم اس کے امکانات کم ہیں لیکن انکے ذاتی اور کاروباری دوست شیخ سعید ممکنہ انتظامات کے لیے منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔اگر نواز شریف قطر منتقل ہونا چاہیں تو وہاں کے حکمرانوں سے بھی سیف الرحمان بات کر چکے ہیں جنہوں نے نواز شریف کی متوقر آمد کا خیر مقدم کیا ہے۔اس بات کا امکان کم ہے کہ نواز شریف لندن چھوڑ کر امریکا، سعودی عرب یا قطر منتقل ہو جائیں البتہ وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب ضرور جائیں گے۔