وزیراعظم کا وزیرستان میں تھری جی ‘ فور جی سروس شروع کرنے کا اعلان

وانا ‘ وزیرستان : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے ، خدشہ تھا کہ جنوبی وزیرستان میں 3 جی 4 جی دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہو ، اس معاملے میں فوجی قیادت سے بات کی ، انہیں بتایا کہ 3 جی 4 جی اس علاقے کے نوجوانوں کی اہم ضرورت ہے ، میں نے فوج سے بات کی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ یہ سہولت فراہم کی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بھی علاقے پیچھے رہ گئے ہیں وہاں پر اسکالر شپس دی جائیں ، یہاں کے ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا ، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 7لاکھ روپے تک کا علاج کرایا جاسکتا ہے ، جو علاقے اور جو لوگ پیچھے رہ گئے ہیں ان کو اوپر لے کر آئیں گے ، جو علاقے پیچھے رہے گئے ہیں ان میں اسکول اور کالج کھولیں گے ، ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا نوجوان ہے ، 30 سال پہلے وانا آیا تھا ، یہاں نوجوانوں کے اندر سب سے زیادہ بے روزگاری ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ وزیرستان کی ہر طرح سے مدد کی جائے ، آئندہ سال یہاں کے نوجوانوں کو اور زیادہ قرضے دیئے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وزیرستان کے لوگوں نے انگریزوں کیخلاف زیادہ جنگ لڑی تھی ، یہاں کے لوگ ہمیشہ پاکستان کے لیے کھڑے ہوئے ہیں ، کئی لوگوں نے کوشش کی کہ قبائلی علاقے ضم نہ ہوں ، وقت ثابت کرے گا کہ یہ فیصلہ قبائلی علاقوں کے لوگوں کیلئے بہتر فیصلہ تھا ، غریب طبقے کو اوپر لانے کیلئے پوری کوشش کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں سے ٹانک جانا لوگوں کے لیے بہت مشکل ہے ، آج سے وزیرستان میں 3جی اور 4جی سروس کھول دی جائے گی ، ہمارا دشمن پوری کوشش کررہا ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلے ، بلوچستان اور وزیرستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے

، وزیرستان میں 70فیصد لوگ وہ ہیں جو غربت کی لکیر سے نیچے ہیں ، احساس پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو پیسے دیئے جائیں گے ، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس علاقے کو اوپر اٹھایا جائے ، پاکستان کو اس وقت گھی اور آئل باہر سے منگوانا پڑتا ہے ، دنیا میں وزیرستان زیتون کی کاشت کیلئے بہترین علاقہ ہے ، اس علاقے میں زیتون کا انقلاب لائیں گے ، قبائلی علاقوں میں بزرگوں کا کردار اہم ہوتا ہے، اس لیے اے ڈی آر میں بھی بزرگ ہی بیٹھیں گے اور وہی فیصلہ کیا کریں گے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے