متحدہ کے بانی الطاف حسین کورونا میں مبتلا

لندن : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے بانی الطاف حسین کورونا میں مبتلا ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق الطاف حسین گذشتہ 20 روز سے لندن کے مقامی اسپتال میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین نے گذشتہ ہفتے ایک آڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کارکنوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

الطاف حسین کے آڈیو پیغام کے بعد کارکنوں نے متحدہ کے بانی کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس عالمی وبا کورونا نے دنیا بھر کو لپیٹ میں لیا تو اُس وقت متحدہ کے بانی الطاف حسین کی صاحبزادی کی کورونا کی وجہ سے وفات کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن ان خبروں کی تردید کر دی گئی تھی ۔

کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر الطاف حسین کی جنازے اور تدفین میں شرکت کی وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز دراصل الطاف حسین کی بیٹی افضہ الطاف کی نہیں بلکہ صفیہ اکبر کے جنازے کی ہیں۔

صفیہ اکبر ایم کیو ایم لندن کی سینئر رہنما تھیں جبکہ ایم کیو ایم انٹرنیشنل کی خواتین ونگ کی سربراہ تھیں۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین گذشتہ کئی برس سے لندن میں ہی مقیم ہیں۔ 2019ء میں الطاف حسین کو اسکارٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے حراست میں بھی لیا گیا تھا۔ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016ء کی نفرت انگیز تقریر پر کی گئی تھی، جس کے بعد سے وہ ضمانت پر ہیں۔

الطاف حسین نے 22 اگست 2016ء کو کراچی میں اپنی جماعت کے کارکنان سے ایک ٹیلی فونک خطاب میں پاکستان کے بارے میں نعرے بازی کی تھی۔ اس خطاب کے بعد مبینہ طور پر ایم کیو ایم کے ارکان کی جانب سے مقامی میڈیا کے ملازمین اور دفتر پر حملے بھی کیے گئے تھے۔ تاہم اس واقعے کے بعد الطاف حسین نے اپنی تقریر کے لیے معافی مانگ لی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ساتھیوں کے ماورائے عدالت قتل اور گرفتاریاں دیکھ کر شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے اور اسی عالم میں وہ تقریر کر بیٹھے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے