یوم یکجہتی کشمیر ; کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام، وقت آ گیا انسانی المیے کو ختم کیا جائے۔ آرمی چیف

اسلام آباد : مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کے اعادے اور کشمیر میں بھارتی بدترین مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی قوم آج جمعہ کو ’’ یوم یکجہتی کشمیر ‘‘ بھرپور انداز میں منا رہی ہے۔

ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئی۔ ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی، اسلام آباد، مظفرآباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں سیمینارز اور جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں واک کی قیادت وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان یا صدر سردار مسعود خان کریں گے، وزرائے اعلیٰ ودیگر اعلیٰ شخصیات گلگت بلتستان، صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی پشاور اور کوئٹہ میں بھی یکجہتی واک کی قیادت کریں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں یکجہتی واک کی قیادت کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کوٹلی آزاد کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت کےلیے جدوجہد پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کیا اور آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کےلیے غیر قانونی اقدامات کیے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت یو این چارٹر میں موجود بنیادی حق ہے، غیر قانونی طور پر محکوم کشمیریوں کے اس حق سے انکار انسانی وقار کی نفی ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر پرانے تنازعات میں سے ایک ہے، تنازعہ بھارتی ہٹ دھرمی اور وعدہ خلافی کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ہ کشمیری عوام بدترین ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی برداشت کر رہے ہیں، ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ انسانی المیے کو ختم کیا جائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام قابض بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیرکو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئیے۔ خیال رہے کہ پاکستانی قوم 31 برسوں سے یوم کشمیر منا رہی ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی مشنز میں بھی اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، شہر، شہر نگر، نگر ریلیاں نکالی جائیں گی، سیمینار ہوں گے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے