شہباز شریف کی رہائی، چوہدری نثار خاموشی سے کوششیں کررہے ہیں

اسلام آباد : صحافی و تجزیہ کار اعزاز سید نے شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے بانی نوازشریف جلاوطن ہیں اور صدر میاں شہباز شریف گرفتار۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی رہائی اور لیگی قیادت کی مقدمات سے جان خلاصی کے لیے راولپنڈی میں بیٹھے چوہدری نثار خاموشی سے کوششیں کررہے ہیں۔

ظاہر ہے یہ سب شہبازشریف کی ایما پر ہورہا ہے۔ اعزاز سید کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کی طاقتور اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ایسی ڈیل ہوجائے جس میں مریم نواز کا مستقبل میں کوئی کردار نکل آئے تو ڈیل کروانے والے چوہدری نثار کی پارٹی میں باعزت واپسی بھی ممکن ہوسکتی ہے۔ اس سلسلے میں کہیں کچھ نہ کچھ ہورہا ہے مگر پیشرفت ابھی کوئی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی بھی فوری طور پر اپنے مقدمات سے جان چھڑوانے کے لیے بھاؤ تاؤ کررہی ہے۔

کہیں پر کچھ انڈراسٹینڈنگ ہوچکی ہے۔ جس کا اشارہ قومی احتساب بیورو کی پاکستان پیپلزپارٹی پرہاتھ ہولا رکھو کی پالیسی سے نظر آرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس اسلام آباد سے سندھ میں ان کے ہوم گراؤنڈ پر منتقل کر دئے جائیں۔ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور نیب نے اس معاملے پر جو قانونی جواب تیار کیا ہے اس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا گیا۔

جواب جب سپریم کورٹ میں جمع کروایا جائے تو سب کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ اعزاز سید نے اپوزیشن کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے حکومت کے خلاف حکمت عملی پر کنفیوژن کی حکمرانی ہے۔ اپوزیشن جب تک جمہوریت اور آئین کی حتمی بالادستی کیلئے اپنے اہداف واضح نہیں کرے گی ناکام و نامراد ہوتی رہے گی اور طاقت کے اصل کھلاڑی اقتدار پر مسلسل قابض رہیں گے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے