ایک لفظ پر پاپا جونز کے چیف ایگزیکٹو عہدے سے فارغ
نیویارک: معروف پیزا چین ’پاپا جونز‘ کے بانی اور سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر جان شنیٹر کو2018ءمیں سیاہ فام شہریوں کے متعلق نسل پرستانہ لفظ بولنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں عہدے سے مستعفی ہونا پڑ گیا تھا۔ اب انہوں نے اس حوالے سے ایک حیران کن بات کہہ دی ہے۔
جان شنیٹر نے ون امریکا نیوز نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 20ماہ سے اپنی زبان سے ’نیگرو‘ کا لفظ نکالنے کے لیے سخت جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ آئندہ ان کی زبان سے یہ نسلی امتیاز پر مبنی لفظ نہ نکلے۔ انٹرویو کے دوران جان شنیٹر کا کہنا تھا کہ ”میں نسل پرست نہیں ہوں، پاپا جونز کے بورڈ نے میرے متعلق پراپیگنڈا کرکے میرا ایسا تشخص بنا ڈالا ہے، ورنہ میں ایسا نہیں ہوں۔ 2018ءمیں اس کانفرنس کے دوران یہ لفظ میری زبان سے اس لیے نکلا کہ مجھے یہ لفظ بولنے کی عادت تھی اور میں اب تک اس عادت سے جان چھڑانے کی سخت کوشش کر رہا ہوں۔“