پٹرول کی قیمت میں اضافے پر وفاقی کابینہ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
زیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پٹرول کی قیمتوں پر تفصیلی بحث کی گئی۔ وزراء کی اکثریت نے قیمتوں میں مزید اضافہ کو پریشان کن قرار دیا تاہم چند وزرا نے قیمتوں میں اضافے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سارا بوجھ حکومت نہیں اٹھا سکتی۔ رائے منقسم ہونے کے باعث اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا گیا۔کابینہ اجلاس میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے دورمیں ارسال کی گئی دونوں سمریاں واپس لے لی گئیں جن میں پریس کونسل کے چیئرمین و ارکان کی تعیناتی اور ڈی جی ریڈیو کی تقرری کی سمری شامل تھی۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وزارت پیٹرولیم کو سمری ارسال کردی ہے جس میں پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 37 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔