ن لیگ کا زرداری مصالحتی فارمولے کی مزید حمایت نہ کرنے کا عندیہ
اسلام آباد : ن لیگ نے زرداری مصالحتی فارمولے کی مزید حمایت نہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں اختلافات کھل کر سامنے آئے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے حکومت مخالف تحریک میں مزید سخت موقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ن لیگ نے زرداری مصالحتی فارمولے کی مزید حمایت نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ن لیگ کی جانب سے یہ فیصلہ چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین انتخاب میں شکست کے بعد کیا گیا۔ کل پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بھی ہو گا جس میں ن لیگ لچک کی بجائے سخت موقف اپنائے گی۔ن لیگ لانگ مارچ میں اسمبلیوں سے استعفوں کا آپشن استعمال کرنے کی تجویز دے گی،ن لیگ حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کے لیے فوری انتخابات کی تجویز بھی دے گی۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ ن کی تجویز پر جمعیت علمائے اسلام، اے این پی اور دیگر چھوٹی جماعتوں نے حمایت کا عندیہ دیا ہے، میڈیا ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف فوری تحریک عدم اعتماد لانے کا مطالبہ کردیا۔
مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکساتن ڈیموکریٹک موومنٹ کو تجویز دی گئی ہے کہ نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف ایوان بالا میں فوری تحریک عدم اعتماد لائی جائے۔ ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی اس تجویز کی پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے حمایت کی گئی جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف فوری تحریک عدم اعتماد لانے کی مخالفت کی ، پیپلزپارٹی کا موقف ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک لانے سے پہلے چیئرمین سینیٹ کے خلاف ہر قسم کے آئینی اور قانونی آپشنز کو استعمال کیا جائے۔