بھارت سے مذاکرات کے لیے دبئی نہیں آیا۔ وفاقی وزیر خارجہ نے وضاحت کر دی

اسلام آباد : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت سے مذاکرات سے متعلق وضاحت جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے دبئی نہیں آیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ شاید پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی خفیہ ملاقات ہو رہی ہے، لیکن ایسی کوئی ملاقات طے تھی، نہ ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا، اگر بھارت اگر مقبوضہ کشمیر پر پانچ اگست والے اقدامات پر نظر ثانی کر لے تو مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ پاکستان ہمیشہ میز پر آنے کے لیے تیار ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔
پاکستان نے ایک مرتبہ پھر بھارت کو مشروط مذاکرات کی پیش تو کر دی ہے تاہم وزیر خارجہ پاکستان نے دبئی میں مذاکرات کے سلسلے میں کسی ملاقات کی واضح طور پر تردید بھی کر دی ہے۔

قبل ازیں بھی اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں بھارتی ہم منصب سے ملاقات طے نہیں، دورے کا بنیادی مقصد امارات کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ دورہ کسی طور پاک بھارت تعلقات سے متعلق نہیں ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سے بھی کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔ میرے یہاں آنے پر تاثر دیا گیا کہ خفیہ ملاقات ہونے جارہی ہے۔ خطے کے معاملات دیکھ کر ہی بھارت سے بات ہوسکتی ہے، ممکن نہیں کہ پاک بھارت گفتگو میں کشمیر کو پس پشت ڈال دیا جائے۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس وقت متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں جہاں آج اُن کی یو اے ای کے وزیر خارجہ سے ملاقات متوقع ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے