وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے ٹوٹے ہوئے رابطے بحال ہوگئے
اسلام آباد : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین ٹوٹے ہوئے رابطے بحال ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چند روز میں وزیراعظم سے جہانگیر ترین کی ملاقات ہوگی۔ اسی سلسلے میں جہانگیر ترین کے گھر افطار ڈنر کو بھی مؤخر کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں دیکھیں گے کہ جہانگیر ترین اور وزیراعظم کی ملاقات ہوگی، یقین ہے بہت سے معاملات طے پا جائیں گے اور بہت سی چیزیں سیٹل ہوجائیں گی۔ راجہ ریاض نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جہانگیر ترین کے ساتھ انصاف نہیں ہورہا اور ہم یہ تمام چیزیں وزیراعظم کے گوش گزار کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے پوری امید ہے جب وزیراعظم کو اصل حقائق کا علم ہو گا تو اس ملاقات میں ہمیں بہت بڑا ریلیف ملے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس جہانگیر ترین پر کاٹی جانے والی تینوں ایف آئی آرز موجود ہیں اور کسی میں لفظ شوگر نہیں لکھا ہوا۔ پروگرام میں گفتگو کے دوران راجہ ریاض نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
وزیراعظم اورجہانگیر ترین کے درمیان رابطہ بحال ہوگیا ہے۔ جہانگیر ترین نے بتایا ہےکہ وزیراعظم کی اگلے ایک دودن میں ہم سے ملاقات ہوگی۔ اسلیے اب کل جہانگیرترین کے گھرافطارڈنرملتوی کردیاگیاہے۔ راجہ ریاض
— Shahzeb Khanzada (@shazbkhanzdaGEO) April 20, 2021
واضح رہےکہ پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین کی حمایت میں کھڑے ارکان نے وزیراعظم کو ملاقات کے لیے خط بھی بھیجا تھا۔ دوسری جانب قبل ازیں یہ خبر بھی موصول ہوئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین ڈیڈ لاک ختم کروانے میں اہم شخصیات کامیاب ہو گئی ہیں جس کے تحت اب جلد ہی وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین ٹیلیفونک رابطے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا۔