پہلے سے زیادہ خطرہ ہمارے دروازے پر دستک دے رہا ہے ، اسد عمر
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ پہلے سے زیادہ خطرہ ہمارے دروازے پر دستک دے رہا ہے ، صورتحال پہلے سے زیادہ خراب ہوتی دکھائی دے رہی ہے ، کیوں کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس صورتحال میں عوام کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ، ضرورت ہے کہ ہم سب متحد ہوں اور ایک بار پھر وہی کامیابی حاصل کریں جو ہم نے پہلی لہر میں حاصل کی، جس کے لئے ہمیں عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔
The need for caution is clear. The danger is higher than ever and knocking at our doors. Need the country to unite in response and achieve once again what we achieved in the first wave, for which we received global praise. Inshallah we will do it again, together
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 8, 2021
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جانتے ہیں آج سے 16 مئی تک پابندیوں سے عوام کو مشکلات ہوں گی ، ان اقدامات کی ضرورت انتہائی خطرناک صورتحال کی وجہ سے ہوئی ہے جو اس خطے میں وائرس کے خوفناک پھیلاؤ کے ساتھ پیدا ہوئی ہے ، اس لیے خطے میں کورونا کے خطرناک پھیلاؤ کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا ، کیوں کہ بھارت میں وبا سے پیدا صورتحال عالمی میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ، بھارت میں اسپتال بھر گئے، کئی مقامات پر آکسیجن کی کمی ہے۔
سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بتایا کہ کل بھارت میں 4 لاکھ سے زائد کیسز، 4 ہزار اموات ہوئیں، پاکستان سے آدھی آبادی والے ایران میں یومیہ اموات 400 تک پہنچیں، نیپال میں بھی یومیہ کیسز کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہے ، عالمی وبا کے خلاف ہم سب کو مل کر جنگ لڑنی ہوگی اور ماضی کی طرح نئی لہر میں بھی کورونا کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔