انڈونیشیا میں روزہ داروں کو سحری میں جیٹ فائٹرز طیارے جگائیں گے
انڈونیشیا کی فضائیہ نے رمضان کے بابرکت مہینے میں اپنے شہریوں کو جگانے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انڈونیشیا ایئر فورس سحری کے وقت گرجدار آوازیں پیدا کرنے والے جیٹ فائٹرز طیارے اُڑائے گا جس کی آواز سے شہری اُٹھ جائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں انڈونیشیا کی فضائیہ نے اعلان کیا کہ اس بار رمضان میں پائلٹس کے تربیتی سیشن سحری کے اوقات میں ہوں گے اور تربیتی پروازیں تمام بڑے شہروں کے گرد چکر لگائیں گی جس سے شہریوں کو سحری کے لیے اُٹھانے کی روایت بھی برقرار رہے گی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں سحری کے اوقات میں روزہ داروں کو جگانے کے لیے مختلف طریقے استعمال کیے جاتے ہیں جن میں گھر گھر دروازہ بجا کر، گلی گلی ڈھول بجا کر یا محلہ محلہ صدا لگا کر اور سائرن بجا کر شہریوں کو بیدار کیا جاتا ہے تاہم سحری میں بیدار کرنے کے لیے جیٹ فائٹرز طیاروں کا استعمال انوکھا اور منفرد عمل ہے۔