وفاقی حکومت نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے جس کی تصدیق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری اور تمام تر قانونی ضابطے مکمل ہونے کے بعد پر مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے اور متعلقہ ریکارڈ بھی اس ضمن میں اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کانام بلیک لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی، حکومت نے اپیل میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر کئی سوالات اٹھادیے ، میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرے گی ، لیگل ٹیم کی تیار کردہ پٹیشن کے نکات منظر عام پرآگئے ، جن سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں پٹیشن 1973ء کے آئین کے آرٹیکل 185(3) کے تحت دائر کی جارہی ہے ، پٹیشن میں بارہ قانونی سوالات اور حقائق بیان کیے گئے ہیں اور لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر کے حکم کے خلاف اپیل کی اجازت مانگی گئی ہے۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ کیا معزز فاضل جج کسی متعلقہ محکمے یا حکام کو نوٹس جاری کیے بغیر مدعا علیہ کے حق میں پاکستان سے باہر جانے کی اجازت دے سکتے ہیں؟ آیا کوئی سابق عبوری حکم جو مدعا علیہ کی درخواست پر اثر انداز ہوتا ہو، ایک رٹ پٹیشن جو متنازعہ سوالات پر مبنی ہو، اسے معزز سنگل جج کے ذریعے قانونی طور پر منظور کیا جا سکتا ہے؟۔