چوہدری نثار کی جانب سے بیٹے کو ضمنی الیکشن لڑانے کا امکان

لاہور :سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے،قوی امکان ہے کہ ان کے صاحبزادے چوہدری تیمور علی خان والد کی چھوڑی ہوئی نشست پر ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسمبلی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے سے متعلق نئے قانون کے اطلاق سے قبل چوہدری نثار پی پی 10 کی نشست جہاں سے وہ گزشتہ انتخابات میں 32 ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے تھے، چھوڑ دیں گے کیونکہ نئے قانون کے تحت انہیں حلف اٹھانا ہوگا یا پھر سیٹ خالی کرنا ہوگی۔

اس صورتحال میں چوہدری نثار علی خان نے نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔چودھری نثار اپنے موقف پر قائم ہیں کہ گزشتہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی جس پر احتجاجاً انہوں نے صوبائی اسمبلی کی نشست سے حلف نہیں اٹھایا تھا تو اب تین سال بعد کیوں حلف اٹھائیں گے۔

ترجمان چوہدری نثار علی خان کے مطابق چوہدری نثار کے لئے یہ محفوظ ترین سیٹ ہے اس لیے قوی امکان ہے کہ وہ یہاں سے امریکہ پلٹ بیٹے کو ضمنی الیکشن لڑائیں گے۔

اس حوالے سے انہوں نے خاندان دونوں حلقوں کے عمائدین اور نمائندہ افراد سے مشاورت کی ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا شمار مسلم لیگ ن کی پالیسی ساز رہنماؤں کی صف میں ہوتا تھا لیکن پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے انہیں الیکشن میں بھی شدید نقصان اُٹھانا پڑا اور قومی اسمبلی کی کسی نشست سے کامیابی ان کا مقدر نہیں ہوئی۔

سیاسی حلقوں میں چودھری نثار علی خان سے متعلق یہ رائے رکھی جاتی ہے کہ ان کا بیانیہ شہبازشریف کی طرح مفاہمتی بیانیے پر مبنی ہے۔ چودھری نثار کے نواز شریف سے اختلافات بھی ان کے مزاحمتی بیانیے کی وجہ سے ہوئے تھے۔ چودھری نثار علی خان نے عام انتخابات 2018ء میں چار نشستوں سےحصہ لیا جس میں دو نشستیں قومی اسمبلی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی تھیں۔

چودھری نثار علی خان کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا، جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے چودھری نثار علی خان کامیاب قرار پائے لیکن چودھری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی میں نہ تو حلف اُٹھایا اور نہ ہی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے پولنگ کے عمل میں شامل ہوئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اپنے ایک بیان میں سینئیر سیاستدان چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کا بانی کارکن ہوں جسے نواز شریف نے سائیڈ پر لگا دیا جبکہ کچھ دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر حلف اٹھانا تھوک کرچاٹنے کے مترادف ہے

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے