پلیئرز کا فائٹ بیک کرنا خوش آئند ہے، انضمام الحق
لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم کا فائٹ بیک کرنا خوش آئند ہے، اسپنر شاداب خان کی رپورٹس مثبت آئی ہیں، امید ہے ورلڈ کپ سے قبل فٹ ہوجائیں گے، محمد حفیظ بھی فٹ ہیں اور جلد ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
لاہور پریس کلب میں پولیو کے خلاف جنگ کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ہم میچ تو نہیں جیت سکے لیکن 373 رنز بننے کے باوجود گرین شرٹس نے جس عمدگی کے ساتھ کم بیک کیا ہے، یہ بڑی خوش آئند بات ہے، پلیئرزنے زبردست فائٹ کی ہے، عممومی طورپراتنے بڑے ہدف پر ٹیم کا مورال گرجاتا ہے لیکن پاکستانی ٹیم نے شاندار مقابلہ کیا ،یہ اچھی علامت ہے، چیف سلیکٹر نے امید ظاہر کی کہ جس طرح پاکستانی ٹیم نے دوسرے میچ میں عمدہ کھیل پیش کیا، اس کے بعد گرین شرٹس کو سیریز کا تیسرے میچ جیتنا چاہیے، دوسروں کی طرح میری بھی خواہش ہے کہ پاکستان جیت کر ورلڈ کپ کا حصہ بنے۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ ابھی سیریز کے تین اور میچز ہیں، ان میں دیکھیں گے کہ آگے کیا کرنا ہے، ویسے تو ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کر رکھا ہے، اگر کوئی کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھاتا ہے تو ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ میںاس کے نام پر ضرور غور کریں گے لیکن کسی بھی کھلاڑی کے بارے میںا بھی کوئی رائے دینا قبل ازوقت ہوگا۔
انضمام الحق نے کہا کہ اسپنر شاداب خان کی اب تک کی رپورٹس بہت مثبت ہیں، آئندہ دو چار روز میں ان کے مزید ٹیسٹ ہو نگے، امید ہے ورلڈ کپ سے قبل شاداب خان مکمل فٹ ہو جائیں گے،ایک اور سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ محمد حفیظ نے پاکستان میں ہی بیٹنگ اور بولنگ شروع کردی تھی، میری رپورٹس کے مطابق محمدحفیظ فٹ ہیں، وہ جلد ایکشن میں دکھائی دے گا۔