کورونا ویکسین فائزر کی پہلی کھیپ پاکستان کو موصول ہوگئی

اسلام آباد : کورونا ویکسین فائزر کی پہلی کھیپ پاکستان کو موصول ہوگئی، فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں آج صبح اسلام آباد پہنچی ہیں، فائزر ویکسین کی خریداری اور فراہمی میں یونیسف نے اہم کردار ادا کیا۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق پاکستان کو فائزر ویکسین کی کھیپ پہنچ گئی ہے۔ فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں آج صبح اسلام آباد پہنچی ہیں۔

فائزر ویکسین کی کھیپ پاکستان کو کوویکس کے ذریعے ملنے والی دوسری کھیپ ہے۔ 2 ہفتے قبل 12 لاکھ سے زائد اسٹرازینکا ویکسین کے ٹیکے کوویکس کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔ فائزر ویکسین کی خریداری اور فراہمی میں یونیسف نے اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب سابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا ویکسین لگانے کے بعد دو سال میں مرنے کی افواہ کو جھوٹ قرار دے دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے خود اس خبر کی تحقیق کی ہے۔ویکسین لگانے کے دو سال بعد مرنے کی افواہ جس شخص کے نام سے چل رہی ہے انہوں نے خود اس کی تردید کردی ہے۔ایمرجنسی کی صورت میں اس طرح کی منفی خبریں جلدی وائرل ہو جاتی ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ حکومت کو بھی اس بارے میں واضح ردِ عمل دینا چاہیے۔عوام سے درخواست ہے کہ افواہ کو آگے نہ بڑھائیں اور خدا کا واسطہ ویکسین لازمی لگوائیں۔

مزید برآں محکمہ صحت سندھ نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں عید الفطر کے بعد گزشتہ سال کے مقابلے میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ سال عید کے بعد 15 دن میں کورونا وائرس کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوا تھا، رواں سال یہ اضافہ 7 سے 8 فیصد کے درمیان رہا ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 158 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کل اموات 4 ہزار 988 ہو گئی ہیں۔جبکہ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 482 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 67 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 2 ہزار 822 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 4 اعشاریہ 80 فیصد ہو گئی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے