ملکی تاریخ کا پہلا ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سنٹر بن گیا
لاہور : اپنی گاڑی میں بیٹھے ہوئے ہی کورونا ویکسین لگوانے کی سہولت دیتے ہوئے ملکی تاریخ کے پہلے ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سنٹر کو فعال کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قذافی کرکٹ سٹیڈیم میں ملک کے پہلا ڈرائیو تھرو کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا آغاز کیا گیا ہے ، جہاں سے شہری اپنی گاڑی میں بیٹھے ہی کورونا وباء سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگوا سکتے ہیں ، جس کے لیے ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سنٹر رات 8 بجے سے 2 بجے تک فعال رہے گا۔
1st Drive through vaccination center in Gaddafi stadium Lahore Pakistan
Starting from today
This is the first of its kind in Pakistan. Capacity of 100 people vaccination at a time. pic.twitter.com/Aqe0Lqw2Si— Amna Chaudhry (@amnachaudhry01) June 7, 2021
بتایا گیا ہے کہ ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سنٹر کو لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا ہے ، ڈرائیوتھر و ویکسی نیشن سینٹر کا مقصد شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنا ہے ، جس کے ذریعے لاہور کو کورونا فری بنایا جائے گا۔
دوسری طرف وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ تمام شہریوں کو کورونا ویکسین لگنے تک پابندیاں ختم نہیں ہوں گی ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء نے تمام ممالک کے صحت کے نظام کو متاثر کیا ہے، اس وبا کا مقابلہ کوئی ایک ملک تنہا نہیں کر سکتا ، اس لیے کورونا وائرس کی وباء کے خلاف پوری دنیا کو متحد ہونا ہوگا اور جب تک تمام شہریوں کو کورونا ویکسین نہیں لگتی پابندیاں ختم نہیں ہو سکیں گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں 85 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے، گزشتہ روز اڑھائی لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی، تاہم پنجاب میں ابھی تک صرف7 فیصد افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے ، محکمہ صحت پنجاب نے ایسے اضلاع جہاں پر ویکسین لگانے کی رفتار سست روی کا شکار ہے، وہاں پر ویکسین کی رفتار اور تعداد بڑھانے کا ہدف دے دیا ہے، ان میں پنجاب کے چھ اضلاع لودھراں، حافظ آباد، لیہ، قصور، مظفر گڑھ اور راجن پور شامل ہیں جہاں پر ویکسین لگانے کا عمل سست ہے۔