پاکستان کورونا فری ہونے کے قریب، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں بڑی کمی ریکارڈ

اسلام آباد : حکومت کی جانب سے کورونا ایس و پیز پر عمل درآمد کروانے کے ثمرات، پاکستان کورونا فری ہونے کے قریب، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح کم ترین سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کی تیسری لہر میں بتدریج کمی آنے لگی ،وبا سے متاثرہ نئے کیسز کی شرح 2.39 فیصد تک آگئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے مجموعی طور پر 35 ہزار 039 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 838 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 2.39 فیصد رہی۔

ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 027 ہوگئی ہے جن میں سے 8 لاکھ 80 ہزار 316 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز اس وبا نے مزید 59 افراد کی زندگی کے چراغ بجھادیئے ہیں۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 21 ہزار 782 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 40 ہزار 929 ہے، جن میں سے 2 ہزار 611 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

واضح رہے کہ آج یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا ویکسین ختم ہو گئی ہے ، جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں کل سے کورونا ویکسین ختم ہے جس کی وجہ سے ویکیسن نیشن کا عمل بھی دو روز سے معطل ہے ، ای پی آئی انتظامیہ کے مطابق ویکسین کی 20 ہزار ڈوزز آج آنے کا امکان ہے ، کورونا ویکسین ختم ہونے سے لاہور کے ایکسپو سنٹر کے باہر شہریوں کا رش ہے جس کی وجہ سے سیکیورٹی گارڈز دروازے سے ہی شہریوں کو واپس بھیج رہے ہیں ، شہریوں کو بتایا جا رہا ہے کہ نادرا کا ڈیٹا اپ ڈیٹ ہونے والا ہے جس کی وجہ سے سسٹم بند ہے لہذا دو روز بعد ایکسپو سنٹر میں ویکسین لگائی جائے گی ، ذرائع کے مطابق پنجاب کے دوسرے شہروں میں بھی ویکسین کا تین روز کا اسٹاک رہ گیا ہے اور محکمہ صحت پنجاب نے مزید ویکسینیشن کی ڈیمانڈ کر دی ہے۔

تاہم وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے وضاحت جاری کی ہے کہ کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے ، ہمارے پاس ڈوزز موجود ہیں، معمولی تاخیر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ویکسین تاخیر سے پہنچے تو شور مچانا شروع کر دیا جاتا ہے، اس وقت 25 ہزار ڈوز موجود ہیں جب کہ ایکسپو سنٹر میں روزانہ 11 ہزار ڈوز لگتی ہیں، ہمارے پاس ویکسین کی کوئی کمی نہیں، ویکسی نیشن کرانے والوں کی تعداد بہت بڑھ چکی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے