پنجاب میں پی ٹی آئی کو حمزہ شہبازکی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی نہ کرنے کی ہدایت
لاہور: قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی ارکان کو اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی سے گریز کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران ایوان کا ماحول پرامن اور خوشگوار رکھا جائے،بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کا احتجاج ان کا حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو ایوان کا ماحول خوشگوار رکھنے کا پیغام بھیجا، جس پر پی ٹی آئی ارکان نے اسمبلی اسپیکر چودھری پرویز الٰہی سے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن کے احتجاج کا پنجاب اسمبلی میں بھی جواب دینا چاہتے ہیں۔جس پر پرویز الٰہی نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں اپوزیشن نے ایک حد تک احتجاج کیا، احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے، لہذا ایوان میں اپوزیشن کے سوالات کا جواب دے کر ماحول کو خراب نہ کیا جائے۔
انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ امیدکرتا ہوں کہ اپوزیشن ارکان بھی ایوان میں تندوتیز جملے کسنے سے پرہیز کریں گے۔دوسری جانب آج قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان آج دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور تلخ کلامی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسپیکر کو دو بار اجلاس کی کاروائی ملتوی کرنا پڑی۔ آج ایوان میں ، اپوزیشن رکن نے حکومتی ارکان کی جانب سینیٹائزر کی بوتل اچھال دی، سینیٹائزر کی بوتل حکومتی رکن اکرم چیمہ کو لگنے سے ان کی آنکھ زخمی ہوگئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے شکوہ کیا کہ یہ اپوزیشن کی جانب سے ہوا ہے اس کو روکا جائے۔ اگر کسی رکن اب ایسی حرکت کی تو اس کو ایوان سے باہر نکال دیا جائے گا۔ واضح رہے گزشتہ روز بھی قومی اسمبلی میں وزراء اور حکومتی اراکین نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دور ان شدید احتجاج، نعرے بازی اور خوب شور شرابہ کیا، حکومتی رکن علی نواز اعوان نے بجٹ دستاویز لیگی رہنما روحیل اصغر کو دے ماری ، دونوں کے درمیان سخت جملوں اور گالم گلوچ کا تبادلہ بھی ہوا، اپوزیشن اراکین نے شہباز شریف کی تقریر کے دوران ان کے گرد حفاظتی حصار بنائے رکھا، حکومت اور اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف جملے بازی کی، نعرے لگائے اور گالم گلوچ بھی کی گئی۔