اتنی جدوجہد کے بعد ہم پاگل ہیں جو کسی سے ڈیل کر لیں، مریم نواز
اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اتنی جدوجہد کے بعد ہم پاگل ہیں جو کسی سے ڈیل کر لیں، سوات جلسے میں میری اور پارٹی کی نمائندگی شہبازشریف نے کی، مجھےکشمیر الیکشن کی ذمہ داری دی گئی ہے، مسلم لیگ ن آپ کے سامنے کھڑی ہے اور بول رہی ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ان کے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ڈیل کیوں کریں گے؟ کیا ہم پاگل ہیں؟ قوم سے سچ بولنا چاہیئے، کیوں ڈیل ہوگی اور کس سے ہوگی؟ اتنی جدوجہد کے بعد ہم پاگل ہیں جو کسی سے ڈیل کر لیں، پی ڈی ایم نے بہت بڑے مقاصد حاصل کرلئے ہیں، پی ڈی ایم نے عوام کو باور کرایا کہ اس سے زیادہ نااہل حکومت نہیں آئی، نواز شریف 18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کو زیرو پر لے کر آئے، جب حساب کتاب کا وقت آئے گا تو حساب کتاب ضرور ہوگا، قوم سب جان چکی ہے ان کی حقیقت سامنے آگئی ہے، یہ حکومت جب جائے گی دوبارہ نہیں آئے گی کیوں کہ پوری پی ٹی آئی آپس میں گتھم گتھا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آزادکشمیر میں ن لیگ کی پوزیشن مضبوط ہے، آزاد کشمیر میں منصفانہ انتخاب ہوئے تو ن لیگ جیتے گی، انتخابات میں دھاندلی کی کوشش ہوتی ہے،اس پر نظر رکھیں گے، آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے لئے جارہی ہوں، آزاد کشمیر انتخابات میں اگر دھاندلی ہوئی تو اس کے دور رس نتائج ہوں گے ،
عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کے راستے میں نہ آئیں۔ ایک سوال کے جواب میں نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ بلوچوں کے تحفظات کو دور ہونا چاہیئے، بلوچ اتنے پاکستانی ہیں جتنے میں اور آپ ہیں ، بلوچوں کو پاکستان کے ساتھ جوڑ کر رکھنا چاہیے جب کہ خارجہ پالیسی بھی کسی کی ذاتی پالیسی نہیں ہونی چاہیئے ، خارجہ پالیسی کو سیاسی اسٹینڈنگ کے ساتھ لنک نہیں ہونا چاہیے۔