داسوہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بس حادثہ

اسلام آباد : داسو ڈیم میں کام کرنے والے کمپنی کی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق داسوہائیڈروپاورپراجیکٹ سائٹ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا ، اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کو لانے لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ 39 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق دریائےسندھ پر کوہستان کےہیڈکوارٹر داسو میں بننے والا داسو ہائیڈرو پاورپراجیکٹ سائٹ پر گاڑیاں حادثےکا شکار ہوئیں، حادثے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو جائے حادثہ سے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جہاں انہیں فوری طبی امداد دی جائے گی۔

جبکہ ڈی پی او اپرکوہستان نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم حادثے میں 10 افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے 6 چائنیز بھی شامل ہیں، جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 7 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ جائے وقوعہ کو دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے سیل کردیا گیا ہے، تاحال حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عارف خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کوسٹر گاڑی میں 41 افراد سوار تھے، حادثے میں 6 چینی باشندوں سمیت دس افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو ایف سی جوان بھی شامل ہیں۔

تحقیقات مکمل ہونے پر وجوہات کا بتایا جا سکے گا، المناک واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات سے قبل واقعہ کو حملہ یا دہشت گردی سے منسوب نہیں کہا جا سکتا۔ واضح رہے کہ واپڈا کے زیرانتظام بننے والا یہ پراجیکٹ 2017ء میں شروع کیا گیا جس پر کُل لاگت کا تخمینہ 510 ارب روپے لگایا گیا ہے جوکہ 2025ء تک مکمل کیا جائے گا۔

ورلڈ بینک اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے بننے والا یہ پراجیکٹ نا صرف کوہستان کے علاقے بلکہ پورے پاکستان میں روشنیوں اور ترقی کا ضامن بنے گا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے