احمد مسعود کا طالبان کی حمایت کا اعلان
کابل : افغانستان میں اب تک ناقابل تسخیر سمجھے جانے والے صوبہ پنجشیر میں جنگ کا خطرہ ٹل گیا، طالبان کے خلاف مزاحمت کرنے والے سابق کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کا طالبان کی حمایت کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں جنگ کا خطرہ ٹل گیا اور سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے طالبان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
طالبان کی جانب سے دارالحکومت کابل میں کنٹرول کے بعد افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح سمیت کئی مخالفین وادی پنجشیر پہنچ گئے تھے۔اب تک ناقابل تسخیر سمجھے جانے والے صوبہ پنجشیر میں طالبان کے خلاف سخت مزاحمت کا خطرہ تھا، سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد شاہ نے بھی جنگ کی تیاری شروع کردی تھی اور امریکا سے بھی مدد طلب کی تھی۔
تاہم اب تازہ ترین رپورٹس کے مطابق احمد مسعود اور طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور انہوں نے طالبان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں امریکا کو مطلوب حقانی گروپ کے اہم ترین کمانڈر اور جلال الدین حقانی کے بھائی خلیل الرحمان حقانی نے کابل میں ایک اجلاس کے دوران کھڑے ہوکر اعلان کیا کہ احمد مسعود نے فون پر طالبان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ان خبروں کی فوری طور پر آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔