افغان طالبان کا وادی پنج شیر پر مکمل کنٹرول اور عام معافی کا اعلان
کابل: افغان طالبان وادی پنج شیر کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عام معافی کا اعلان کر دیا ہے ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے ہم نے کوششیں کیں. انہوں نے کہاکہ جرگوں اور مذاکرات سے کامیابی نہ ہوئی تو پنج شیر میں طاقت کا استعمال کیا افغانستان میں کئی جگہوں سے اسلحہ لے کر پنج شیر میں رکھا گیا تھا تاہم اب ہم پنج شیر میں فتح کے بعد امن کے لیے عام معافی کااعلان کرتے ہیں.
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم نئی حکومت کی طرف جائیں گے اور ہمارا مقصد پرامن افغانستان ہو گا ہماری خواہش تھی پنج شیر میں لڑائی اور جنگ سے گریز کریں لیکن ہمیں مزاحمت کرنا پڑی.
انہوں نے کہا کہ پنج شیر کےساتھ بلا امیتاز سلوک ہو گا اور لوگ قطعا تشویش میں متبلا نہ ہوں جنگ کے دوران بھی ہماری کوشش تھی کہ افغانوں کو نقصان نہ پہنچے. ترجمان طالبان نے کہا کہ ہم حکومت میں توانا اور اچھے لوگوں کو لائیں گے جبکہ افغانوں سے کہتے ہیں پورے افغانستان میں امن اور استحکام ہے ہم نے خصوصی فورسز تشکیل دی ہیں جو ہر جگہ سرچ آپریشن کریں گی افغان عوام اب افغانستان میں مزید جنگ نہیں چاہتے.
انہوں نے کہا کہ ترکی اور مشرق وسطیٰ کی مدد سے کابل ائیرپورٹ کی بحالی کی کوشش کی جا رہی ہے اور امید ہے کابل ائیرپورٹ بہت جلد پروازوں کے لیے بحال ہو جائے گا ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ کابل میں حالات ٹھیک ہیں اور ہمارے کنٹرول میں ہیں گزشتہ روز متحدہ عرب امارات سے امدادی سامان لے کر پرواز افغانستان پہنچی.
انہوں نے کہاکہ افغانستان میں موجودہ صورتحال میں ہر شے مہنگی ہے تاہم کسی بھی شہری کو افغانستان چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی ہم دیگر معاملات پر توجہ دیں گے تاہم دنیا بھر سے اپیل کرتے ہیں افغانستان کی تعمیر و ترقی میں مالی معاونت کریں.