بلوچستان ؛ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج کے دستے پہنچ گئے
ہرنائی : صوبہ بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج کے دستے پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقہ ہرنائی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج کے دستے پہنچ گئے ہیں ، دستوں کے ہمراہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خوراک اور شیلٹر کا سامان بھی پہنچا دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف اپنے ساتھ ضروری ادویات لے کر متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں ، ضروری طبی سہولیات کے لئے شہری انتظامیہ کی معاونت کی جا رہی ہے اس دوران شدید زخمی 9 افراد کو آرمی ہیلی کاپٹرز پر کوئٹہ پہنچایا گیا ہے ، راولپنڈی سے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو موقع پر بھیجا جا رہا ہے، یہ ٹیم ریسکیو کے کاموں کی رفتار کو تیز بنائے گی جب کہ آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ بھی ہرنائی پہنچ چکے ہیں جہاں وہ نقصانات اور ریسپانس کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔