سعودی عرب نے اپنا وعدہ پورا کر دیا
اسلام آباد : سعودی عرب نے اپنا وعدہ پورا کر دیا، پاکستان کو ادھار پر تیل و گیس خریداری کی سہولت مل گئی، اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن پاکستان کو ماہانہ کروڑوں ڈالرز فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو ادھار پر تیل و گیس خریداری کی سہولت مل گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کی جانب سے پاکستان کو ماہانہ 76 کروڑ 15 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا، جو تیل و گیس کی خریداری کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ پاکستان اور آئی ٹی ایف سی کے درمیان مضاربہ فنانسسنگ معاہدہ پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق ادھار پر تیل و گیس کی سہولت فوری طور پر شروع کردی گئی ہے، پاکستان سعودی عرب سے تیل و گیس کی خریداری کرسکے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان کو سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی فنانسنگ فراہم کی جائے گی، مالی سہولت کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر پر دباو کم ہوگا۔ اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن سے ملنے والی رقم سے پاکستان خام تیل، ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات، ایل این جی درآمد کرے گا، پی ایس او، پارکو، پاکستان ایل این جی کے لیے درآمد کی سہولت ہوگی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ ماہ دورہ سعودی عرب کے بعد پاکستان کیلئے بڑے معاشی پیکج کا اعلان کیا گیا تھا۔
سعودی عرب کی جانب سے زرمبادلہ ذخائر کی بہتری کے لیے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اعلان کیا گیا کہ سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے پاکستان سٹیٹ بینک میں تین ارب ڈالر جمع کروائے جائیں گے۔سعودی عرب نے پاکستان کو تیل خریداری میں بھی مدد دینے کا اعلان کیا گیا جس کے تحت پاکستان کو رواں سال تیل خریداری کے لیے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر ملیں گے۔سعودی عرب کی جانب سے جاری ہے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے پر ہمیشہ گامزن رہے گا۔