قرض پروگرام کی بحالی، پاکستان اور آئی ایم ایف میں معاہدہ ہوگیا
پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) کے درمیان چھٹے جائزے کے لیے سٹاف لیول معاہدہ بلآخر طے ہو گیا ہے اور اب ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو مزید تقریباً 1.059 ارب ڈالرز ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ‘یہ معاہدہ پہلے سے طے شدہ مالیاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات اور ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔’
یاد رہے کہ مشیر خزانہ شوکت ترین نے بھی کچھ عرصہ قبل بتایا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کی راہ میں سٹیٹ بینک کی خود مختاری کے حوالے سے قانون سازی آخری رکاوٹ ہے۔
حال ہی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن میں بھی سٹیٹ بینک کے حوالے سے کچھ قانون سازی کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چھٹے جائزے کی تکمیل سے آئی ایم ایف کی جانب سے 1.059 ارب ڈالرز دستیاب ہوں گے، جس سے اب تک آئی ایم ایف کے کی کل ادائیگی تقریباً 3.027 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گی۔‘