کراچی دھماکہ،پی ٹی آئی رکن اسمبلی عالمگیر خان کے والد بھی جاں بحق ہوگئے
کراچی : کراچی شیر شاہ دھماکے میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد بھی جاں بحق ہوگئے ، عالمگیرخان کے والد کاروباری شخصیت ہیں،دھماکے کے وقت وہ کسی ٹرانزیکشن کے سلسلے میں بینک میں موجود تھے۔ جیونیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ کراچی شیر شاہ دھماکے میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد بھی جاں بحق ہوگئے ہیں، عالمگیرخان کے والد کراچی کی کاروباری شخصیت ہیں، وہ ہیوی ڈیوٹی مشینری کا کاروبار کرتے تھے، جب دھماکا ہوا اس وقت وہ کسی ٹرانزیکشن کے سلسلے میں بینک میں موجود تھے۔
یاد رہے کراچی کے علاقے شیر شاہ کے پراچا چوک پر ایک عمارت میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔
دھماکا ایک نجی بینک میں ہوا جس کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ عمارت کے پلرز اکھڑ گئے، زوردار دھماکے سے قریبی واقع پیٹرول پمپ کے علاوہ متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس کے تحت سیوریج لائن میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکا ہوا ہے، دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے میں 12افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔