پشاور میں جیت کی خوشی الیکشن میں کامیاب کونسلر کی جان لے گئی
پشاور : پشاور میں جیت کی خوشی الیکشن میں کامیاب کونسلر کی جان لے گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) کے جنرل کونسلر زکریا خان اپنی ہی ہوائی فائرنگ سے جان سے چلےگئے۔ ویلج کونسل امیدوار زکریا خان جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے اپنی ہی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ زکریا خان کا تعلق جے یو آئی (ف) سے تھا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ دوسری جانب پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ زکریا خان اپنے حامیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے۔ پولیس نے کہا کہ نو منتخب کونسلر مبینہ طور پر اپنے بھائی کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے، جس وجہ سے لواحقین نے کسی کو نامزد نہیں کیا ۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوران خودکش دھماکا، راکٹ حملے اور فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔