عوام کو ریلیف ملنے کا امکان
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیول پرائس ایڈجسمنٹ چند ماہ میں ختم ہونے کی نوید سنادی ، وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کہتے ہیں کہ فیول پرائس ایڈجسمنٹ آئندہ چندماہ میں ختم ہونے کی امید ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے ایوان میں تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیول ایڈجسمنٹ کے نام پرعوام سے بھتہ لیا جا رہا ہے ، عوام کوبجلی کی قیمتوں کی مد میں لوٹا جا رہا ہے 33 لاکھ مساجد سے ٹی وی بل وصول کیے جا رہے ہیں۔
تحریک پر جواب دیتے ہوئے وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ نیپرا بجلی کی فی یونٹ قیمتوں کا تعین کرتا ہے ، جب بجلی کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو فیول ایڈجسمنٹ بھی ساتھ ہی کی جاتی ہے تاہم فیول پرائس ایڈجسمنٹ آئندہ چندماہ میں ختم ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی نظرمیں نیپراکی رپورٹ دیکھنے کا زاویہ کچھ اور ہے ، اسی اپوزیشن میں موجود پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے دور میں بڑے ڈیم بنانے پر توجہ نہیں دی لیکن وزیراعظم عمران خان نے ہی مہمند ڈیم پر کام شروع کروایا۔