پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کا رابطہ

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کا رابطہ

اسلام آباد : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف نے حکومت مخالف تحریک کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکرٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کے مابین بات چیت فضل الرحمان اور آصف زرداری ملاقات کے بعد ہوئی ، جس میں مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو آصف علی زرداری سے ملاقات میں ہوئی گفتگو سے آگاہ کیا اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالےسےاقدامات پراعتماد میں لیا۔

ملاقات میں حکومت کے خلاف مشترکہ جدو جہد کے حوالے سے بات کی گئی اور مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو آصف زرداری کی تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے حکومت مخالف تحریک کو مزید تیز کرنے اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر اتفاق کیا۔ دوسری جانب حکومت گرانے کا مشن لیے ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر بڑی بیٹھک جاری ہے، اپوزیشن جماعتوں کی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے جس کے نتیجے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری وفد کے ہمراہ شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے، جس میں پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی سمیت دیگر شامل ہیں۔ شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے اہم مشاورت ہوگی۔

admin