چوہدری پرویز الہیٰ کی بطور وزیراعلیٰ شیروانی تیار ہو رہی ہے ؟ چوہدری شجاعت سے سوال

چوہدری پرویز الہیٰ کی بطور وزیراعلیٰ شیروانی تیار ہو رہی ہے ؟ چوہدری شجاعت سے سوال

لاہور : مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے سراج الحق کو ملاقات میں کہا کہ پرویز الہیٰ کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے میں پی ٹی آئی اور ن لیگ رکاوٹ ہیں، یہ مان جائیں تو شیروانی بنوانے میں کون سا وقت لگتا ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق چوہدری شجاعت حسین اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی شیروانی کا بھی تذکرہ ہوا۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے وفد نے سوال اٹھایا کہ چوہدری پرویز الہیٰ کی بطور وزیراعلیٰ شیروانی تیار ہو رہی ہے ؟ جس کے جواب میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) دونوں نہیں چاہتے کہ پرویز الٰہی وزیر اعلی بنیں، دونوں جماعتوں کو خدشہ ہے کہ ہمارے جو لوگ ان جماعتوں میں گئے ہیں وہ واپس (ق) لیگ میں نہ آجائیں۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ دونوں جماعتوں کو یہ خدشہ بھی ہے کہ ق لیگ دوبارہ سے بہت مضبوط نہ ہوجائے، لیکن اگر معاملہ طے ہو تو شیروانی تیار ہونے میں کونسا وقت لگتا ہے۔ خیال رہے کہ حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ( ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی ملاقات لاہور میں ہوئی جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے ہمراہ لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید پراچہ بھی موجود تھے ، ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں چوہدری پرویز الہٰی شریک نہ ہوئے کیوں کہ وہ سراج الحق کی آمد سے پہلے ہی پنجاب اسمبلی روانہ ہوگئے تھے۔

میڈیا رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین نے امیر جماعت اسلامی سے سوال کیا کہ آپ تحریک عدم اعتماد میں کسے ووٹ دیں گے؟ اس پر سراج الحق نے جواب دیا کہ ہم دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں تاہم نئے الیکشن ہی عوامی مسائل کا واحد حل ہیں۔ رپورٹ میں ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ نے امیر جماعت اسلامی کو بتایا کہ انہوں نے شہباز شریف سے 3 سوال پوچھے ہیں ، جن کے جواب کا انتظار ہے۔

admin