حکومت کا او آئی سی اجلاس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

حکومت کا او آئی سی اجلاس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد:حکومت نے او آئی سی اجلاس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا اجلاس 29مارچ کو کرانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس 22 اور 23 کو ہو رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 29 مارچ کو کرانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں اتحادیوں کے ساتھ رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے پر مشاورت کی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے، تمام تیاریاں مکمل ہیں، ڈی چوک پر بڑا جلسہ کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے،تحریک عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں۔دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر حکومت نے اپنی اتحادی پارٹیوں سے ایک بار پھر رابطوں کا فیصلہ کرلیا ۔ حکومتی شخصیات کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ ق ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی سے دوبارہ رابطے کیے جائیں گے ، وزیر اعظم عمران خان کی چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کا بھی امکان ہے ، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء کی وزیر اعظم سے ملاقات کروانے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔

admin