سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی اراکانِ قومی اسمبلی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا
اسلام آباد : سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی اراکانِ قومی اسمبلی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔جیو نیوز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت کو سول انٹیلیجنس نے ارکان کی منتقلی کے بارے میں آگاہ کر دیا۔اطلاع کے مطابق حکومتی ارکان کو سندھ منتقل کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سول ایجنسی نے کہا ہے کہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ حکومتی ارکان کو کہاں منتقل کیا گیا،حکومتی ارکان کو صبح سویرے مختلف گاڑیوں میں منتقل کیا گیا،رپورٹ کے مطابق تین خواتین اراکین اسمبلی کو گذشتہ رات سکھر منتقل کیا گیا۔
اراکین اسمبلی کو سندھ میں متوقع گورنر راج لگانے کے حکومتی فیصلے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین جو سندھ ہاؤس میں موجود تھے وہ سامنے آگئے تھے ، پی ٹی آئی کے راجہ ریاض، باسط سلطان بخاری، نواب شیر وسیر، احمد حسین ڈیہڑ ، نورعالم خان اور دیگر سندھ ہاوس میں قیام پذیر ہیں ، ترین گروپ کے ایم این اے راجا ریاض نے کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے پولیس کے ذریعے لاجز پر حملہ کرایا گیا ، ہمارے ارکان پر تشدد کیا گیا تھانے لے گئے، محسوس کیا جو واقعہ لاجز میں ہوا وہ ہمارے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، 2 درجن سے زائد ارکان قومی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں ، کسی نے کوئی پیسہ نہیں دیا ، ہم نے ووٹ ضمیر کے مطابق دینا ہے۔