ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ثمن رائے کوصدر پاکستان کی طرف سے ایوارڈ دیا گیا
راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسلز آف آرٹس ثمن رائے نےصدر پاکستان عارف علوی سے یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر پنجاب فلوٹ پیش کرنے پر ایوارڈ وصول کیا۔
راولپنڈی آرٹس کونسل میں تقریب کے دوران، ثمن رائے نے بتایا کہ صدر عارف علوی نے پنجاب فلوٹ میں دلچسپی کا اظہار کیا اور پنجاب کی کلچر، تاریخ اور ترقیاتی منصوبوں پر مشتمل فلوٹ کی تیاری پر پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کی پریڈ پر پیش کیا جانیوالا پنجاب کا فلوٹ80 فٹ طویل تھا جو کہ دیگر تمام صوبوں اور وفاق کی اکائیوں کے فلوٹ سے بڑا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ثمن رائے نے کہا کہ پنجاب کے فلوٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور 500 بستر پر مشتمل نشتر ٹو ہسپتال کے ماڈل خصوصی طور پر پیش کئے گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت کے علاوہ کرتار پور راہداری اور قومی صحت کارڈ بھی فلوٹ میں پیش کئے گے جو توجہ کا مرکز بنے رہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے فلوٹ کی تیاری میں پوری ٹیم نے شبانہ روز کام کیا اور اپنی محنت اور خداداد صلاحیتوں کے بل بوتے پر ایسا فلوٹ تیار کیا جو عوام کا مرکز نگاہ بنا رہا اور حکومتی سطح پر اسکی پزیرائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فلوٹ کی تیاری میں سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر راجہ جہانگیر اور ڈی جی پی آر ثمن رائے کی مشاورت شامل حال رہی۔ انہوں نے کہا کہ فلوٹ کی تیاری میں حصہ لینے والے تمام افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔