نگراں وزیراعظم کے لیے 2 نام سامنے آ گئے
اسلام آباد: تحریک انصاف نے سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین یا سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے نام پر غور شروع کر دیا۔ملک میں نئے انتخابات تک نگران وزیراعظم کے لیے تحریک انصاف کی قیادت نے مختلف ناموں پر غور شروع کر دیا جب کہ پارٹی رہنماؤں کی قیادت کے ساتھ ابتدائی مشاورت شروع ہو چکی ہے۔
پی ٹی آئی نے اس سلسلے میں سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین یا سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے نام پر غور شروع کر دیا تاہم تحریک انصاف اپنی اتحادی جماعت ق لیگ سے بھی نگران وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر مشاورت کرے گی۔خیال رہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں نگران حکومت کی تشکیل کے لیے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
صدر مملکت نے اپنے خط میں عمران خان اور شہباز شریف سے نگران وزیراعظم کے لیے نام مانگ لیے جس کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ملک میں نگران حکومت کی تشکیل کے لیے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط ارسال کیے گئے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم فرائض سر انجام دیتے رہیں گے ، آرٹیکل 224 اے ون کے تحت نگران وزیراعظم نامزد کیا جائے گا ، صدر مملکت ، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر باہمی مشاورت سے نگران وزیراعظم نامزد کریں گے ، اسمبلی تحلیل ہونے کے 3 روز میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر متفق نہ ہوئے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا ، اسپیکر اپوزیشن اور حکومتی اراکین پر مشتمل 8 رکن کمیٹی تشکیل دیں گے جو نگران وزیراعظم کا فیصلہ کرے گی۔