پی ٹی آئی کے مزید 22 ایم پی ایز کا اپوزیشن کی حمایت کا فیصلہ
لاہور : حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے مزید 22 ایم پی ایز کی طرف سے اپوزیشن کی حمایت کا فیصلہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ، جس کے ساتھ ہی وزارت اعلیٰ پنجاب کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں حمزہ شہباز کو 223 ووٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ ایکسپریس نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب میں ترین اور علیم خان گروپ کے اراکین کی حمایت کے بعد تحریک انصاف کے مزید 22 اراکین صوبائی اسمبلی نے بھی متحدہ اپوزیشن کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد آئندہ ہفتے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں حمزہ شہباز کو 223 ووٹ ملنے کا امکان ہے۔
رپورٹ سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے اراکین پنجاب اسمبلی کو آج گلبرگ کے مقامی ہوٹل سے دوسرے ہوٹل منتقل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کینٹ میں واقع ایک ہوٹل میں 150 کمرے بھی بک کروا لیے گئے ہیں ، منحرف ایم پی ایز کو گلبرگ کے ہوٹل سے منتقل کرنے کا فیصلہ وہاں کارکنوں کے مظاہروں اور ٹریفک کے مسائل کی وجہ سے کیا گیا ہے جب کہ نیا ہوٹل کینٹ میں ہونے کے باعث کسی کی بھی قسم کا اجتماع یا مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔