ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن حساب ضرور لیں گے ؛ مریم نواز
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن حساب ضرور لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں مہمانوں کی گیلری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے ملک کی جان اس نالائق ترین حکومت سے چھوٹ گئی ، ایل این جی ، بلین سونامی ٹری ، ادویات سمیت تمام اسکینڈل میں انتقام نہیں حساب ضرورہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت ابھی سنبھالی نہیں اور ملکی ترقی کا آغاز ہو گیا، اسٹاک مارکیٹ بڑھنا شروع ہو گئی، روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے، بزنس کمینونٹی کو اندازہ ہونا شروع ہو گیا ملک اب ترقی کرے گا۔ نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ یہ سیاسی لوگ نہیں ہیں انہوں نے اگر فتنہ پھیلانے اورعوام کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ، اسے پرانی مسلم لیگ ن نہ سمجھیں۔