پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ واپس لیے جانے کا امکان
اسلام آباد : حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ واپس لینے کا امکان ہے۔ انگریزی روزنامہ دی نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ حکومت کا خیال ہے سستی پیٹرولیم مصنوعات کے لیے اربوں روپے کے اس بڑے پیکج سے عوام کو سبسڈی دینا کوئی قابل عمل آپشن نہیں ہے اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) بھی اسلام آباد کے ساتھ اپنا پروگرام جاری رکھنے کے لیے اس فیصلے سے ناخوش ہے۔
دریں اثنا اس حکومت کے ممکنہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی حکومت کی جانب سے اس بہت زیادہ بوجھ کو برداشت کرنے میں ناکامی کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ حکومت کو اپنا حالیہ فیصلہ واپس لینا پڑ سکتا ہے کیوں کہ پٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ ایک مشکل تھا اور اس پر نظر ثانی کی جائے گی۔