سب نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ یا نیب چلائیں یا حکومت، شاہد خاقان عباسی
کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم سب نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ یا نیب چلائیں یا حکومت۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتوں میں کیمرے لگا کر دکھائیں نیب کرکیا رہاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ یا نیب چلائیں یا حکومت، حکومتی افسران نےکہاکہ نیب کی موجودگی میں کام نہیں کرسکتے،حل یہی ہے کہ نیب ختم کریں۔ انہون نے کہا ہے کہ اگر یہ ادارہ رہے گا تو یہ ملک نہیں چل سکتا، امید ہے کہ کابینہ اس حوالے سے بہتر فیصلہ کرے گی۔ رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کیسز ختم نہ کریں، نیب ختم ہونے سے سب سے زیادہ فائدہ عمران خان کو ہوگا۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ ہم کسی پر الزام نہیں لگائیں گے اور جیلوں میں نہیں ڈالیں گے، جنہوں نے ملک کو لوٹا اور کرپشن کی انہیں جواب دینا پڑے گا۔ شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں قیمت خرید سے کم پیٹرول نہیں مل رہا ہے، معیشت سنبھالنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔ 4 سال کی تباہی دنوں میں بہتر نہیں ہوسکتی، عمران خان نے اپنی کرسی کے لیے ملک کو داؤ پر لگایا اور تمام شعبوں میں تباہی مچائی۔