بجلی بحران مزید سنگین‘ شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے اوپر چلاگیا
اسلام آباد :ملک میں بجلی کا بحران مزید سنگین ہوگیا ہے کیوں کہ شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے اوپر چلا گیا ، ملک بھر میں 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، ہائی لاسز والے علاقوں میں یہ دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار468 میگاواٹ ہوچکا ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 18 ہزار 31 اور طلب 25 ہزار 500 میگاواٹ ہے لیکن بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36 ہزار 16 میگاواٹ ہے ، اس وقت پن بجلی ذرائع سے 3 ہزار 674 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس صرف 786 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار9 ہزار526 میگاواٹ ہے، ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس 487 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں ، سولر پاور پلانٹس سے 104 میگاواٹ بجلی سسٹم کو مل رہی ہے ، بگاس سے 141 اور ایٹمی بجلی گھر 3 ہزار 312 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔