وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب‘ پاکستان کو 6 سے 8 ارب ڈالر کا ریلیف پیکج ملنے کا امکان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان کو 6 سے 8 ارب ڈالر کا ریلیف پیکج ملنے کا امکان ظاہر کردیا گیا ۔ دنیا نیوز نے ذرائع وزارت خزانہ ک حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ شہباز شریف کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد سے ریلیف پیکج سے متعلق بات چیت ہوگی ، ریلیف پیکج 3 طرح سے پاکستان کو سپورٹ کرسکتا ہے ، ادھار تیل ، ایل این جی اور یوریا کھاد کی سہولت پر بات چیت کا امکان ہے ، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کیلئے 3 ارب ڈالر ملیں گے ۔
رپورٹ میں ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب کی گارنٹی پر سعودی بینکوں سے سستے قرضوں کی فراہمی پر بات چیت کا امکان ہے ، ادھار تیل کی سہولت کے پروگرام کا حجم دگنا کیا جاسکتا ہے ، کورونا کے دوران بے روزگار پاکستانیوں کی نوکری بحالی کے امور پر بات چیت ہوسکتی ہے ، سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر بھی بات چیت متوقع ہے ۔
اس کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا ، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 3 روزکے سرکاری دورے پرآج سعودی عرب روانہ ہوں گے .
وزیراعظم شہبازشریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرآج مدینہ منورہ پہنچیں گے ، شہباز شریف کا وزارت اعظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کرنے والے 13 رکنی وفد میں بلاول بھٹوزرداری ، خالد مقبول صدیقی ، شاہ زین بگٹی ، مریم اورنگزیب ، خواجہ آصف ، چوہدری سالک حسین ، مفتاح اسماعیل اورمحسن داوڑ شامل ہیں ۔