موڈیز نے پاکستان کے معاشی کیفیت کو مستحکم سے منفی کردیا
معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے موڈیز نے پاکستان کی معاشی کیفیت کو مثبت سے منفی کردیا ہے۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور ممالک کی معاشی کیفیت کا جائزہ لینے والی کمپنی موڈیز نے پاکستان کی بگڑتی ہوئی معاشی ومالیاتی صورتحال کے تحت اس کا درجہ مستحکم سے منفی کردیا ہے۔
موڈیز نے پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی کی صورت حال کو غیر مستحکم قرار دیا ہے اور پاکستان کی ریٹنگ بی تھری رکھی ہے جسے جنک ریٹنگ بھی کہا جاتا ہے اور آؤٹ لک (معاشی کیفیت) کو مستحکم سے منفی کردیا ہے۔
موڈیز کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے امدادی رقم ملنے سے ریٹنگ برقرار رہ سکتی تھی تاہم اب تک بیل آؤٹ کی امدادی رقم نہ ملنے پر پاکستانی کی معاشی کیفیت میں تبدیلی کی گئی ہے۔
موڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اور سیاسی افراتفری نے بھی اس میں اہم کردار ادا کیا ہے ، مہنگائی کے باعث بیرونی معاشی صورت حال بگڑ رہی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور کرنسی پر دباؤبڑھا ہے۔
موڈیز کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی غیریقینی نظر آرہی ہے، غیر ملکی فنانسنگ پربھی غیریقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، رواں سال پاکستان کی جی ڈی پی 4.5 سے 5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جب کہ رواں سال جاری کھاتوں کا خسارہ 3.5 سے 4 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔