کابل حکومت کو علیحدہ رکھنے سے طالبان امن مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوں گے، افغان سفیر
اسلام آباد: پاکستان میں تعینات افغان سفیر شکر اللہ عاطف مشعل نے کہا ہے کہ کابل حکومت کو علیحدہ رکھنے سے طالبان امن مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں پاکستان میں تعینات افغان سفیر 32 سالہ شکر اللہ عاطف نے افغان امن مذاکرات کی کامیابی کو کابل حکومت کی شمولیت سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں عوام کی منتخب شدہ حکومت قائم ہے اور کوئی بھی مذاکرات عوامی حمایت کے بغیر کیسے کامیاب اور سب کے لیے قابل قبول ہوسکتے ہیں۔
افغان سفیر کا مزید کہنا تھا کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں کابل حکومت کو طالبان کی درخواست پر شامل نہیں کیا گیا تاہم امریکا اور افغان حکام کے درمیان معلومات کا تبادلہ ہو تا رہا ہے اور دونوں افغانستان میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ افغان حکومت مذاکراتی عمل کی کامیابی اور افغان عوام کے 90 کی دہائی کی طرح تلخ تجربات سے دوبارہ نہ گزرنے کے خواہاں ہیں۔
کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے افغان سفیر شکر اللہ عاطف نے کہا کہ ’پچ‘ کے ساتھ ساتھ اچھی ’کنڈیشنز‘ کا ہونا زیادہ ضروری ہیں۔ ایشیا میں وہ ’فرنٹ فٹ‘ پر کھیلتے ہیں اور انگلش کنڈیشنز میں ’بیک فٹ‘ کو فوقیت دیتے ہیں۔ اس لیے ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کی ’پچ‘ پر اعتماد کی فضا میں مضبوطی کی امید کے ساتھ ’فرنٹ فٹ‘ پر کھیلیں۔