ٹرین میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم پیش رفت
کراچی: ریلوے زیادتی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔متاثرہ خاتون نے دو ملزمان کو شناخت کر لیا۔سٹی کورٹ کراچی میں ریلوے زیادتی کیس کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ملزمان کی شناخت پریڈ کرائی گئی۔خاتون نے دو ملزمان کو شناخت کر لیا۔پولیس نے شناخت پریڈ کے لیے ملزم کے ہمراہ دس ڈمی ملزمان پیش کیے تھے۔
متاثرہ خاتون نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزمان نے 27 مئی کو زکریہ ایکسپریس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے بعد عدالت نے شناخت پریڈ کی رپورٹ کو مقدمے کا حصہ بنا دیا۔قبل ازیں یلوے پولیس نے ٹرین میں خاتون سے زیادتی کے ملزمان کا ڈی این اے کرانے کا فیصلہ کیا ، آئی جی ریلویز فیصل شاہکار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرین میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے کے الزام میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ، ملزمان کارروائی کا سن کر چھپ گئے تھے ، جن میں سے 2 ملزمان نے اپنا موبائل فون بھی بند کردیا تھا اس صورتحال میں ملزمان کی گرفتاری ایک چیلنج تھا جس کے باوجود تینوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور گرفتار کیے گئے ملزمان کا ڈی این اے کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقہ اورنگی ٹاؤن کی رہائشی خاتون کو دورانِ سفر زکریا ایکسپریس کے ٹکٹ چیکر ، انچارج اور ایک شخص نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ، یہ ٹرین نجی شعبے کے زیر انتظام چلائی جا رہی ہے جس میں خاتون اپنے سسرال مظفر گڑھ سے کراچی جا رہی تھی ۔ ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر نے ڈیڑھ ماہ قبل اسے طلاق دی اور وہ اپنے بچوں سے ملنے 26 مئی کو مظفر گڑھ پہنچی ، 27 مئی کو واپس زکریا ایکسپریس کے ذریعے کراچی کے لیے روانہ ہوئی ، اسٹیشن پر خاتون کو ٹکٹ نہ ملا تو ٹرین میں اکانومی کلاس کا ٹکٹ بنوا کر سفر شروع کر دیا ۔
ایف آئی آر سے معلوم ہوا کہ ٹرین جب روہڑی سے روانہ ہوئی تو نجی شعبے کے ٹکٹ چیکر زاہد نے خاتون کو کہا کہ وہ اس کو اے سی بوگی کی برتھ لے کر دے سکتا ہے اور اس نے انچارج عاقب سے ملوایا اور اے سی بوگی کے ایک کمپارٹمنٹ میں لے گیا جہاں اس نے خاتون سے دست درازی کی ، خاتون نے وہاں سے اکانومی بوگی میں جانے کی کوشش کی جس پر اسے جان سے مارنے کی دھمکی دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا ، اس دوران انچارج آیا اور اس نے بھی خاتون کے ساتھ زیادتی کی ، اس کے جانے کے بعد ایک اور شخص کمپارٹمنٹ میں آیا اور اس نے بھی خاتون کے ساتھ زیادتی کی ۔