چوہدری وجاہت حسین اور موسی الٰہی کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج
لاہور: سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کے قریبی رشتہ داروں چوہدری وجاہت حسین اور موسٰی الٰہی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ چوہدری وجاہت حسین اور موسٰی الٰہی کے خلاف لاہور کے غالب مارکیٹ تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی ، ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں، مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر پر وائرل آڈیو میں دونوں سیاست دانوں نے خواتین ایم پی اے کو غائب کرنے کی گفتگو کی‘ دونوں ملزمان نے سوچی سمجھی سازش کے تحت اراکین اسمبلی کو غائب کرنے کا منصوبہ بنایا جب کہ آڈیو کے بعد موسی الٰہی کوٹلہ ارب علی خان میں مسلح ہوکر لوگوں کو ڈراتا رہا۔
خیال رہے کہ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے بھائی چوہدری وجاہت حسین کی اپنے بیٹے سے بات چیت کی مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی صورت میں ایک خاتون رکن اسمبلی کو مبینہ طور پر لاپتا کرنے کی گفتگو کی گئی۔
جب کہ حال ہی میں کوٹلہ میں مسلم لیگ ق کے رہنما موسیٰ الہی پر لیگی ایم این اے چوہدری عابد رضا کے بھائیوں کی شدید فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا، فائرنگ کے نتیجے میں چوہدری موسی الہی معجزانہ طور پر محفوظ رہے، موسی الہی سول ہسپتال کوٹلہ کے افتتاح کے لیے گئے تھے۔