کینیا کے صدر وزیراعظم شہباز شریف کا فون اٹینڈ نہیں کر رہے
اسلام آباد :سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے انکشاف کیا ہے کہ کینیا کے صدر نے وازیراعظم شہباز شریف کا فون اٹینڈ کرنے سے انکار کر دیا۔انہوں نے نیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک فون پر بات کی درخواست قبول نہیں کی گئی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ وزارت خارجہ نے ارشد شریف کیس میں سپریم کورٹ کو بتایا کہ کینیا کے صدر کو 15 جنوری کو درخواست بھیجی گئی کہ وزیراعظم آپ سے فون پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
مطیع اللہ جان نے کہا کہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک کینیا کے صدر، وزیراعظم شہباز شریف سے بتا چیت کرنے پر تیار نہیں ہوئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ دیکھنا ہو گا کہ ارشد شریف کے ملک چھوڑ کر کینیا جانے کے بعد کون ان کو فنانس کر رہا تھا۔
ارشد شریف کے سامنے کون سا مواد رکھا گیا تھا کہ جس کے سبب انھیں پاکستان چھوڑ کر جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے خلاف پاکستان میں متعدد مقدمات درج کیے گئے، اس کے پیچھے کون تھا۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ جب ساری کڑیاں ملائیں گے تو حقائق خود بخود سامنے آجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارشد شریف سے کون جان چھڑانا چاہتا تھا۔