ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل چکا ہے، آرمی چیف کی کاروباری شخصیات کو یقین دہانی
اسلام آباد/ راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پیر کو ملک کی سرکردہ دس کاروباری شخصیات سے ملاقات کی، اس ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے وہاں کاروباری شخصیات کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے کامیابی سے باہر نکل آئے گا، ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل چکا ہے۔
ملک ترقی کرے گا اور ہم ایک خوشحال قوم بن کر ابھریں گے۔ملاقات کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے آرمی چیف پوری ملاقات کے دوران پر امید نظر آئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پالیا جائے گا۔انہوں نے کاروباری افراد سے کہا کہ وہ پر عزم اور پر اعتماد رہیں۔
رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کو بتایا کہ قوم پر مشکلات آتی ہیں اور مشکلات کا سامنا ہے لیکن بدتر حالات کو ہم پیچھے چھوڑ چکے ہیں اور ہم قائم و دائم رہیں گے۔
انہوں نے اسلامی تعلیمات کا بھی حوالہ دیا۔کاروباری افراد نے اس ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دے دیا۔ آرمی چیف اور وزیر خزانہ نے کاروباری افراد کو بتایا کہ آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط کو پورا کر دیا گیا ہے اور چند روز میں ہی معاہدہ ہو جائے گا۔ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے کاروباری افراد نے سوال کیا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاستدانوں کو ایک جگہ اکٹھا بٹھانے کے لیے کوشش کیوں نہیں کر رہی تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔کاروباری افراد نے آرمی چیف کو بتایا کہ قوم توقع کرتی ہے فوج معاشرے میں مزید افرا تفری اور تفریق کی اجازت نہیں دے گی۔