عمران خان اور امریکی سیاسی رہنماؤں میں رابطے بڑھنے لگے
اسلام آباد: امریکی رکنِ کانگریس بریڈ شرمین اور چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے اس حوالے سے بتایا کہ ان کی عمران خان سے سپریم کورٹ کے گذشتہ روز کے فیصلے پر گفتگو ہوئی۔بریڈ شرمین نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے ڈاکٹر آصف محمود سے بھی بات کی۔
کچھ دن قبل بریڈ شرمین نے صحافی ارشد شریف اور ظلِ شاہ کی اموات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کہا تھا ۔بریڈ شرمین نے امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کے رکن ڈاکٹر آصف محمود سے ملاقات کے بعد ویڈیو بیان میں کہا کہ ڈاکٹر آصف محمود پاکستان میں حالیہ پیش رفت پر بات کرنے کے لیے میرے گھر آئے۔انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان سے فون پر بات ہوئی ہے اور خوشی ہے کہ سابق وزیرِ اعظم نے مسائل پر گفتگو کی۔
امریکی کانگریس کے رکن کا کہنا تھا کہ حال ہی میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر امریکا میں تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔بریڈ شرمین نے کہا ہے کہ شخصی آزادیوں پر قدغن کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سینئر رکن نے عمران خان کی تقریر پر پابندیوں اور سیاسی سرگرمیوں کر روکنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔