ہم کسی سیاستدان کی گرفتاری پر جشن نہیں مناتے
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہم کسی کی گرفتاری پر جشن نہیں مناتے یا مٹھائی نہیں بانٹتے۔کسی سیاستدان کی گرفتاری پر ہم نے کبھی خوشی نہیں منائی۔انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان گرفتار ہوتے ہیں تو پوری سیاست کا نقصان ہوتا ہے۔
پیپلز پارٹی شروع دن سے نیب کے خلاف ہے۔ہم نے نیب بند کرنے کی بات کی تو عمران خان نے نیب بچاؤ مہم شروع کی۔عمران خان نے حکومت میں رہتے ہوئے اور باہر آ کر نیب ترامیم کی مخالفت کی۔نیب ادارے کو بند کرنے کے لیے میں نے کافی پریس کانفرنس کیں،جتنی پیپلز پارٹی نیب کی مخالفت کرتی تھی اتنا ہی پی ٹی آئی دفاع کرتی تھی۔میاں صاحب حکومت میں آئے تب بھی ہم نے نیب بند کرنے کی بات کی۔
ن لیگ کے دور میں بھی ہماری نیب کو بند کرنے کی بات نہیں مانی گئی۔ہم نے کہا یہ چارٹر آف ڈیموکریسی کا حصہ ہے،ہماری بات نہیں مانی گئی۔ہم سب کا مطالبہ تھا کہ نیب ریفارمز کی جائیں۔ نیب ترامیم ہم لے کر آئے،اس کا فائدہ عمران خان نے اٹھایا۔اب نیب میں 90 دن کی بجائے 14 دن قید میں رہ سکتے ہیں۔خان صاحب کو سنگین الزامات کی وجہ سے آئین و قانون کے تحت گرفتار کیا گیا۔
پیپلز پارٹی چئیرمین کو پھانسی دی گئی ہم نے کسی جی ایچ کیو پر حملہ نہیں کیا۔عمران خان کی گرفتاری پر پرامن احتجاج کی اپیل کرنی چاہئیے تھی۔ تحریک انصاف اگر سیاسی جماعت رہتی تو پرامن احتجاج کرتی۔ اگر وہ سیاستدان ہوتے تو اپنا ردعمل سیاست تک محدود کرتے۔آپ کو یاد ہو گا میں نے کہا تھا یہ دہشتگرد سیاسی جماعت ہے۔تحریک انصاف نے پہلے سے طے کیا ہوا تھا کہ ردعمل سیاسی نہیں ہو گا۔انہوں نے فیصلہ کیا ہوا تھا کہ تحریک انصاف عسکریت پسند آرگنائزیشن بنے گی۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ایک حملہ جی ایچ کیو پر ٹی ٹی پی نے کیا اور اب پی ٹی آئی نے کیا۔