کھیل سے ریٹائرمنٹ؛ محمد حفیظ نے وقار یونس کا مشورہ مسترد کر دیا
کراچی: آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے وقار یونس کا مشورہ مسترد کر دیا۔
ورلڈکپ کیساتھ ہی شعیب ملک کا ون ڈے کیریئر اختتام کو پہنچ گیا، سابق ٹیسٹ پیسر وقار یونس نے ایک اور سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کو بھی یہی مشورہ دیا تھاکہ ان کیلیے اب ریٹائر ہونا مناسب رہے گا، البتہ حفیظ ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، انگلینڈ سے وطن واپسی کے بعد وہ تمام وقت اہل خانہ کیساتھ گزار رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حفیظ نے کوچ سمیت اعلیٰ حکام پر واضح کر دیا کہ وہ مکمل فٹ اور اپنی کارکردگی سے بھی مطمئن ہیں، اس لیے ملک کی مزید نمائندگی کرنا چاہتے ہیں،البتہ ان کے مستقبل کا فیصلہ نئی سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حفیظ اپنی کارکردگی میں عدم تسلسل کی وجہ بیٹنگ آرڈر میں مسلسل چھیڑ چھاڑ کو قرار دیتے ہیں۔ ایک نمبر پر نہ کھیلنے سے ان کی بیٹنگ متاثر ہوئی، بنگلہ دیش کیخلاف میچ سے قبل انھوں نے ٹیم مینجمنٹ سے اوپننگ کرانے کا بھی کہا تھا مگر ان کی بات نہیں مانی گئی۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کے 8 میچز میں محمد حفیظ نے 31.62 کی اوسط سے 253 رنز بنائے، انھوں نے واحد نصف سنچری انگلینڈ کیخلاف اسکور کی،84رنز کی اننگزنے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا،38سالہ حفیظ نے گذشتہ برس دسمبر میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
انھوں نے ٹیم مینجمنٹ سے یہ بھی کہا کہ جس وقت سمجھا ان سے کوئی اچھا کھلاڑی آ گیا ہے تو از خود کرکٹ چھوڑ دیں گے، البتہ فی الحال انھیں نہیں لگتا کہ کوئی نوجوان ان کی جگہ سنبھالنے کیلیے تیار ہے۔